بھارت نے مذاکرات ممبئی حملوں پر پیشرفت سے مشروط نہیں کئے: سرتاج عزیز، وزراءاعظم ملاقات شیڈول کے مطابق ہوگی: بھارتی میڈیا
کراچی + نئی دہلی (نوائے وقت نیوز+ اے این این) بھارت نے پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرات کی بحالی کےلئے غیر مشروط آمادگی ظاہر کر دی۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت نے اگلے ماہ شروع ہونے والے مذاکرات کو ممبئی حملوں پر پیشرفت سے مشروط نہیں کیا۔ ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ جامع مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پاکستانی پیشکش پر بھارت نے اچھا ردعمل اور غیر مشروط آمادگی ظاہر کی ہے۔ دوسری جانب بھارتی اپوزیشن جماعت بی جے پی نے وزیراعظم منموہن سنگھ کو پاکستانی ہم منصب سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان پشنونت سہنا کا کہنا ہے کہ 5فوجیوں کی ہلاکت کے بعد وزیراعظم کو نوازشریف سے ملاقات نہیں کرنی چاہئے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ نے بی جے پی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت میں ہیں اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔ علاوہ ازیں وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ غیرملکی قوتیں آتی جاتی رہتی ہیں، پاکستان اور افغانستان نے اکٹھے ہرنا ہے ہمیں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانا ہو گا، افغان حکام کے مخاصمانہ بیانات کا پاکستان میں عوامی سطح پر منفی اثر پڑتا ہے۔ گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران پاک بھارت تعلقات میں کافی پیش رفت ہوئی، بیگ ڈور ڈپلومیسی کا آغاز کر دیا، بریک تھرو کے لئے پرامید ہیں۔پاکستان، بھارت وزراءاعظم کی ملاقات شیڈول کے مطابق ہو گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نیویارک میں ملاقات کرینگے۔