• news

امریکہ افغانستان میں بھارتی مداخلت پر پاکستان کے خدشات دور کرے: چینی تھنک ٹینک

 بیجنگ (اے این این) چین کے سرکاری تھنک ٹینک نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ افغانستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق پاکستان کے خدشات دورکرے جبکہ تھنک ٹینک نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ امریکہ اب پاکستان کو مزید امداد نہیں دے گا کیونکہ افغانستان سے فوجی انخلاءکے منصوبے کے پیش نظر پاکستان امریکہ کی ترجیحات میں شامل نہیں رہا، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے حالیہ دورے سے ممکن ہے کہ پاک امریکہ تعلقات معمول پر آجائیں مگر دونوں ملکوں کے راستے اب بھی جدا ہیں۔ چائنہ انسٹیٹیوٹ آف کنٹمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز میں سنٹرفارکاونٹر ٹیریرزم سٹڈیزکے ڈائریکٹر فو شیاوکیانک نے چین کے سرکاری اخبار ” گلوبل ٹائمز“ میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھاکہ اب چونکہ پاکستان امریکی سفارتی ترجیحات میں مزیدشامل نہیں ہے اس لئے ممکن ہے کہ اوباما انتظامیہ پاکستان کو پہلے کی طرح امداد فراہم نہ کرے۔ امریکہ کےلئے اب اگلامرحلہ افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلاءاورایشیاءبحرالکاہل کے توازن کی پالیسی پرعمل پیرا ہونا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما علاقائی استحکام کے علاوہ افغانستان میں امریکی مفادات کاتحفظ بھی یقینی بناناچاہتے ہیں جبکہ پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف ایسے افغان خطے کی حمایت کو اہمیت دیتے ہیں جوپاکستان کےلئے دوستانہ ہو۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے حالیہ دور ہ پاکستان سے ممکن ہے کہ پاکستان اورامریکہ کے تعلقات علاقائی اور دوطرفہ امور پر مشاورت کے ذریعے معمول پر آجائیں۔ مضمون میں امریکہ سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں کرنے کے علاوہ افغانستان میں بھارت کی مداخلت سے متعلق بھی پاکستان کے تحفظا ت دورکرے اور پاکستان کے سیکورٹی خدشات کو اہمیت دے۔

ای پیپر-دی نیشن