خیبر پی کے میں جشن آزادی سپورٹس گالا 11 سے 16اگست تک ہوگا
پشاور (اے پی پی) خیبر پی کے اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام 14 اگست کو جوش و جذبے سے منانے کیلئے11 سے 16 اگست تک پشاور میں جشن آزادی سپورٹس گالا کا انعقاد کیا جائے گا جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پی کے اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جشن آزادی سپورٹس گالا میں سکواش، سائیکلنگ، رسہ کشی بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، ہاکی، ویٹ لفٹنگ، جمناسٹک، باڈی بلڈنگ، نیٹ بال آرچری سنوکر، ڈارٹس، کراٹے جوڈو تائیکوانڈو، جیو جیٹسو سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ قمر زمان کا کہنا تھا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ہردور میں کھلاڑیوں نے ہی دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کو ایک شناخت دی ہے اور اگر حکومت کی سرپرستی اسی طرح جاری رہی تو مستقبل میں بھی ملک نیک نامی کی خاطر کئی بہترین کھلاڑی پیدا کریں گے۔