خیبر پی کے پر حکومت کرنے کی صلاحیت سے عاری لوگ مسلط ہوگئے: فضل الرحمان
ڈی آئی خان (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان میں جیل حملے کے وقت سرکاری مشینری ناکام رہی۔ دہشت گردوں کو جیل کی دیوار گرانے کی ضرورت نہ پڑی۔ خیبر پی کے میں حکومت کرنے کی صلاحیت سے عاری لوگ مسلط ہوگئے۔ یہاں صحافیوں سے گفتگو اور آبائی گاﺅں عبدالخلیل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حالات دیکھیں تو محسوس ہوتا ہے کہ جیسے سرکاری مشینری ناکارہ ہوچکی ہے ہم صوبے میں امن کی راہ میں رکاوٹ نہیں حملہ آوروں کو جیل کی دیوار بھی توڑنے کی ضرورت محسوس نہ ہوئی اور وہ اپنے ساتھیوں کو رہا کرا کر وزیرستان بھی پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو آئینی شکل دیں ہم مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شمولیت کے وقت نہ ہی وزارتوں کے معاملہ پر کوئی بات کی اور نہ ہی وزارتوں کا حصول ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور نہ ہی حکومت کی جانب سے اس معاملہ پر کوئی انکار ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے خیبر پی کے میں حکومت سازی کی کوشش کی۔ ہمارا یہ موقف تھا کہ تحریک انصاف صوبے میں اچھی حکومت نہیں چلا سکتی مگر میاں نوازشریف نے کہا کہ چونکہ صوبہ میں پی ٹی آئی کو عددی اکثریت حاصل ہے لہذا اسے حکومت بنانے دی جائے مگر اب ثابت ہورہا ہے کہ ہمارا موقف درست تھا کیو نکہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کے معاملات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور سنٹرل جیل ڈیرہ کا واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری عددی اکثریت کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ہمیں کسی بھی قسم کی مشاورت میں شریک نہیں کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ آج صوبے میں ابھی تک حکومت سازی اور کابینہ کے چناﺅ کا مرحلہ مکمل نہیں ہو پا رہا۔ ہم بلوچستان کے مزاج اور طرز حکومت کو سمجھتے ہیں اور جب تک بلوچستان کے معاملات میں جے یوآئی کی مشاورت شامل نہیں کی جائیگی، مسئلہ حل نہیں ہوگا۔