سی ای او پاکستان سٹیل کی تقرری نہ ہو سکی، 17 ہزار ملازمین تنخواہوں سے محروم
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی حکومت کی غیرمستقل مزاجی کا حال یہ ہے کہ اب تک پاکستان سٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری نہیں کر سکی، تنخواہ نہ ملنے پر17 ہزار ملازمین نے وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل کر دی۔ وفاقی حکومت پاکستان سٹیل ملز کے سی ای او کی تقرری کے لئے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، وزارت صنعت و پیداوار نے 19 جولائی کو سعادت چیمہ کو سٹیل ملز کا قائم مقام سی ای او مقرر کیا، لیکن صرف 11 روز بعد ہی انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ پاکستان سٹیل ملز کے مالیاتی امور کے سربراہ سعود احمد کا کہنا ہے کہ خام مال کی عدم دستیابی اور تیار مال کی طلب نہ ہونے سے ادارہ شدید مالی بحران کا سامنا ہے، حکومت سے بیل آوٹ ملنے کے بعد ہی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ہوسکے گی۔ ادھر ملازمین نے وزیراعظم سے فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔