• news

”صحت وزیر ریلوے کی سپیڈ کیساتھ چلنے کی اجازت نہیں دیتی“ سیکرٹری ریلویز نے 4 ماہ کی چھٹی لے لی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ریلوے میں اصلاحات کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے اور سیکرٹری ریلوے میں ٹھن گئی، سیکرٹری ریلوے نے 4 ماہ کی چھٹیاں لے لیں، سیکرٹری ریلوے نے موقف اختیار کیا کہ وزیر ریلوے کی سپیڈ کے ساتھ چلنے کی صحت اجازت نہیں دیتی۔ 4 ماہ کی رخصت لے رہا ہوں۔ ریلوے وزیر سعد رفیق نے چھٹی منظور کر لی اور ان کی جگہ ریلوے بورڈ کی ممبر فنانس پروین آغا کو سیکرٹری ریلویز کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ ریلوے وزیر خواجہ سعد رفیق جب سے ریلوے کے وزیر بنے ہیں انہوں نے سارے عملے کو ہدایت کر رکھی ہے کہ ریلوے کو بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کرنا ہو گا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سابق سیکرٹری کی جانب سے پرکشش اسامیوں پر تعینات کئے گئے افسروں کے تبادلوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں گریڈ 20 کے 5 افسر تبدیل کر دئیے۔ سیکرٹری اور جنرل مینجر کو حکم دیا گیا ہے کہ کرپٹ اور نااہل افسران کو سائیڈ لائن کر دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن