بولان: دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق رحیم یار خان کے 6 افراد سپرد خاک، 14 مسافروں کے قتل کا مقدمہ درج
رحیم یار خان + مچھ (کرائم رپورٹر + نوائے وقت نیوز) مچھ کے نزدیک دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ محمد نعیم، محمد احمد، محمد شکیل، محمد بخش، شہزاد اور ثاقب جن کو دہشت گردوں نے پنجاب سے تعلق رکھنے پر گولیوں کا نشانہ بناکر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ گزشتہ روز ان افراد کی نعشیں آبائی علاقوں میں لائی گئیں تو ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ دوسری جانب فائرنگ سے 14 مسافروں کے قتل کا مقدمہ، لیویز تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مچھ کاشف نبی نے بتایا مقدمہ تحصل دار مچھ زبیر کرد کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں اغوا، قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں تاہم ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔