قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ ختم‘ کھلاڑی عید منانے گھروں کو چلے گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ دوسرے مرحلہ کی تیاری کے لئے تمام کھلاڑی دوبارہ 11 اگست کو ہیڈ کوچ اختر رسول کو رپورٹ کرینگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو طلب کر رکھا ہے جنہیں 15 اگست کو شاٹ لسٹ کر کے حتمی 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ہیڈ کوچ اختر رسول نے بتایا کہ پہلا مرحلہ انتہائی اچھا رہا ہے جس میں کھلاڑیوں پر خوب محنت کی گئی ہے، اﷲ کا شکر ہے کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کو کسی قسم کی کوئی انجری نہیں ہوئی ہے بلکہ ان کی فزیکل فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ ایشیا کپ ہمارا ہدف ہے جس کی تیاری کے لئے آل آوٹ جائیں گے۔معاون کوچ اجمل خان لودھی کا کہنا تھا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے انگلینڈ سے خاص انجری ڈرنک منگوائے گئے ہیں۔ تمام کھلاڑی پر امیدہیں کہ وہ ایشیا کپ جیت کر قوم کو خوشیاں فراہم کرینگے۔ پہلے مرحلے میں شاٹ کارنر سمیت اٹیکنگ ہاکی پر توجہ دی گئی ہے انشااﷲ رمضان کے بعد شروع ہونے والے کیمپ میں پوری طاقت کے ساتھ تیاری کی جائے گی۔