انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ، انگلینڈ کی مسلسل دوسری شکست، بنگلہ دیش کامیاب
لندن (سپورٹس ڈیسک) تین ملکی انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو 38 رنز سے شکست دیدی۔ یہ میزبان انگلینڈ کی مسلسل دوسری شکست تھی۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے۔ شہریار سمن 35، صدمان اسلام 86، مہدی حسن 5، کپتان مہدی حسن 16 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ مصدق حسین 110 اور ناظم الحسین سنتو 13 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ باربر نے دو جبکہ شاہ اور روہڈز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 287 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 47.1 اوورز میں 248 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ہائیجنز 45، مکمینس 8، ایچ حمید 67، وکٹ کیپر کپتان بن ڈکٹ 56، ٹاٹرسیل 2، روہڈز 32، مائلز ہمند 18، ونز لیڈ صفر، جوش شاہ ایک، باربر ایک رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کارور 3 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ مصدق حسین اور رفعت پردھان نے تین تین، مہدی حسن نے 2 محمد سیف اللہ اور راحت الفردوس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مصدق حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آج آرام کا دن ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا میچ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا تاہم دوسرے میچ میں قومی انڈر 19 ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو 46 رنز سے شکست دی۔