فوج پشاور جیل کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہی ہے: بی بی سی
پشاور (بی بی سی) پاک فوج کے اہلکار پشاور سینٹرل جیل کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پشاور جیل میں اسامہ بن لادن کی تلاش میں مدد دینے والے پاکستانی ڈاکٹر شکیل خان آفریدی بھی قید ہیں۔ صوبے کے نئے آئی جی جیل خانہ جات ذاکر حسین آفریدی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پشاور سینٹرل جیل میں فوج کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پشاور سینٹرل جیل میں شکیل آفریدی کے علاوہ کچھ اور ہائی پروفائل ملزم بھی قید ہیں۔ ذاکر حسین آفریدی کا کہنا ہے کہ صوبے کی باقی جیلوں میں سکیورٹی کا انتظام تسلی بخش ہے اور وہاں ضلعی انتظامیہ ، جیل حکام اور پولیس، اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ ذاکر حسین نے صوبے کی کسی بھی اور جیل میں فوج کی موجودگی کی تردید کی ہے۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ فوج تمام ٹرانزٹ پوائنٹس پر ضرور موجود ہے۔