خطرات بڑھ گئے‘ دہشت گردی کیخلاف امریکی حکمت عملی بالکل ناکارہ ہے : امریکی‘ برطانوی اخبارات
لندن/نیویارک (آئی این پی) پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور خطے میں القاعدہ کی دھمکیوں اور دوبارہ اثر انداز ہونے کی کوششوں پر مغربی میڈیا نے امریکی پالیسی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ بدھ کو امریکی جریدے فارن پالیسی نے کہاہے کہ ابھی بھی امریکہ دہشت گردی کو غلط طریقے سے ہینڈل کررہا ہے جبکہ برطانوی اخبار گارجین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے حکومت پاکستان کو دفاعی پوز یشن پر دھکیل دیا ہے۔ امریکی جریدے فارن پالیسی نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے امریکی حکمت عملی کو ناکارہ قرار دے دیا ہے۔جریدے نے کہاہے کہ جیلوں کے توڑے جانے ، امریکی سفارتخانوں کے بند کرنے اور القاعدہ کی واپسی سے نظر آتا ہے کہ ابھی تک امر یکہ دہشت گردی کو غلط طریقے سے ہینڈل کررہا ہے۔فارن پالیسی کے مطابق ہر گزرتے دن یہ احساس بڑھتا جارہاہے کہ امر یکہ کو درپیش بڑے خطرات کی وجہ اپنی غلط ترجیحات اور غلط اندازے ہیں۔اس کے ساتھ فارن پالیسی نے خطے میں امریکہ کی کمزور گرفت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے مزید جہادی جمع ہورہے ہیں اور انہی وجوہات کی بنا پر شام میں ایک نئی انتہا پسند تنظیم النصرا بھی وجود میں آگئی ہے ، اس کے علاوہ جیلوں کے توڑے جانے کے واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے جن میں یمن سے القاعدہ کے ماسٹر مائنڈ کا فرار ، ابو غریب جیل سے قیدیوں کا فرار ، پاکستان کی ڈیرہ اسماعیل خان جیل سے قیدیوں کافرار، اور بن غازی جیل سے قیدیوں کا فرار ، مجموعی طورپر تین جیلوں سے دو ہزار انتہا پسند فرار ہوئے۔دوسری طرف پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کو جوڑتے ہوئے برطانوی اخبار گارجین نے کہا پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر نے حکومت کو دفاعی پوز یشن پر دھکیل دیا ہے ، گارجین نے ڈیرہ میں جیل توڑے جانے ، چلاس میں آرمی آفیشلز کی ہلاکت ، بلوچستان میں گیارہ افراد کو چن کر مارے جانے اور کراچی میں گذشتہ رات فٹبال گراو نڈ میں بم حملے کاحوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ دارالحکومت اسلام آباد میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، جس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عید کی چھٹیوں پر کوئی مزید ممکنہ دہشت گردی ہوسکتی ہے۔