پناہ گزینوں کو مزید قیام کی اجازت کے پاکستانی فیصلے کا خیرمقدم: اقوام متحدہ
اسلام آباد (ثناءنیوز) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیں یو این ایچ سی آر نے افغان پناہ گزینوں کو پاکستان میں مزید قیام کی اجازت دینے کے فیصلے کو سراہا ہے۔ یو این ایچ سی آر کے اسلام آباد میں ترجمان قیصر آفریدی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کا فیصلہ حکومتِ پاکستان کی اس یقین دہانی کا ثبوت ہے کہ وہ افغان پناہ گزینوں کی مدد اور وطن واپسی سے متعلق حکمتِ عملی پر بھرپور عمل درآمد کرے گی۔ قیصر آفریدی نے توقع ظاہر کی کہ امداد دینے والے ممالک بھی افغان پناہ گزینوں کی بحالی کی کوششوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے۔مئی میں جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں بین الاقوامی برادری نے پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں کی بحالی اور میزبان علاقوں کی امداد کے لیے رقوم فراہم کرنے کی یقین دہانیاں کرائی تھیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اب انہیں عملی جامہ پہنائیں گے اور پاکستان کے لیے امداد میں مزید اضافہ کریں گے۔پاکستان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں اندراج شدہ افغان پناہ گزینوں کی تعداد 16 لاکھ سے زائد ہے، جب کہ تقریباً 10 لاکھ مزید افغان غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں۔