نئی جمہوری حکومت کی پہلی عید، عوام کو سیلاب، لوڈشیڈنگ، مہنگائی کا سامنا
اسلام آباد (اے این این) نئی جمہوری حکومت کے دور میں پہلی عید ایک ایسے موقع پر آئی ہے جب ملک میں دہشت گردی کے واقعات تسلسل سے ہو رہے ہیں، عوام کو شدید مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور ملک کے کئی علاقے سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔غیرملکی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق زبردست عوامی توقعات کی حامل پاکستان کی نئی جمہوری حکومت کے دور میں منائی جانے والی پہلی عید پر مارکیٹوں میں گاہکوں کا رش رہا، بڑے شہروں میں ملازمت کے لئے آنے والے پردیسی اپنے اپنے آبائی علاقوں کو لوٹے اور مسافروں کی کثرت دیکھ کر ٹرانسپورٹروں نے از خود کرائے بڑھا دیئے۔ تمام بڑے شہروں میں تجارتی مراکز پر انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تاہم پھر بھی پرس چھیننے اور جیبیں کاٹنے کی وارداتوں میں تیزی آ ئی۔عید کے موقع پر خریداری کے لئے آنے والے افراد مہنگائی کا شکوہ کرتے دکھائی دئیے۔