• news
  • image

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل

چیسٹرلی سٹریٹ (آئی این پی) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا‘ دوسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کی پہلی اننگز 238 رنز کے جواب میں اوپنر کرس راجرز کی شاندار سنچری اور شین واٹسن کے 68 رنز کی مدد سے پانچ وکٹوں پر 222رنز بنا لئے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پہلے روز کے کھیل کے اختتام تک 9 وکٹ پر 238رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیئون نے چار کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔چیسٹر لی اسٹریٹ پر شروع ہونے والے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جو روٹ کے جلد آؤٹ ہو جانے کے بعد ایلسٹر کک 51اور جوناتھن ٹراٹ 49رنز نے انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم بنائی لیکن ان کے بعد انے والے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے۔ پیٹرسن 26، این بیل 6اور بیئر اسٹو 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پہلے روز کھیل کے اختتام تک 238رنز پر انگلینڈ کے 9  کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیئون نے4 اور رائن ہیرس نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسرے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم سکور میں کسی مزید اضافہ کے بغیر 238 پر آئوٹ ہوگئی جواب میں آسٹریلیا کی اننگز کا کا بھی اچھا آغاز نہ ہوسکا اور اس کی پہلی تین وکٹیں 49 رنز پر گر گئیں اور اس کے بعد چوتھی وکٹ 76 پر گری۔ آسٹریلیا کی طرف سے اوپنر وارنر 3 رنز ‘ عثمان خواجہ صفر اور کپتان کلارک 6رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی طرف سے پہلی تین وکٹیں سٹیورٹ براڈ نے حاصل کیں۔ سمتھ 17رنز بنا کر بریسنن کی گیند پر آئوٹ ہوئے اس کے بعد اوپنر کرس راجرز اور شین واٹسن نے آسٹریلیا کی اننگز کو سنبھال لیا اور آسٹریلیا کی پانچویں205 پر گری دونوں کے درمیان 129رنز کی شراکت ہوئی۔ واٹسن 68 رنز بنا کر براڈ کا نشانہ بنے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں پر 222 رنز بنائے تھے۔ راجرز 101اور ہیڈن 12رنز بنا کر کھیل رہے تھے انگلینڈ کی طرف سے براڈ نے 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن