قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ واٹمور کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے پر غور
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے اخراجات میں کمی لانے کے لیے غیر ملکی کوچ ڈیو واٹمور کے دو سالہ کنٹریکٹ میں مزید اضافہ نہ کرنے پر غور شروع کر دیا جس کے بعد فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین اور فاسٹ باؤلنگ کوچ محمد اکرم کے کنٹریکٹ بھی خطرے سے دوچار دکھائی دینے لگے تاہم ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کے دو سالہ کنٹریکٹ کے خاتمے میں ابھی تقریباً 9 ماہ کا عرصہ باقی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ وقت سے پہلے ڈیو واٹمور کے کنٹریکٹ کو ختم نہیں کرنا چاہتا کیونکہ وقت سے پہلے کنٹریکٹ ختم کرنے کی صورت میں پی سی بی کو غیر ملکی کوچ کہ بھاری معاوضہ ادا کرنا پڑے گا۔ اگلے 9 ماہ کے عرصہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ واٹمور کی زیر نگرانی زمبابوے کے دورہ کے علاوہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف امارات میں ہوم سیریز، جبکہ مارچ میں بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے 9 ماہ میں غیر ملکی کوچنگ سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ہی حتمی فیصلہ کر سکے گا۔