عید پر سٹیج ڈراموں کا ریکارڈ بزنس، ایک کروڑ روپے کما لئے
لاہور (این این آئی) عید الفطر کے موقع پر سٹیج ڈراموں کے پروڈیوسرز نے ٹکٹوں میں دوگنا اضافہ کرکے خوب چاندی بنائی، الحمرا، تماثیل، الفلاح اور محفل تھیٹر کے ڈراموں نے عید کے 3 دنوں میں ایک کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ الحمرا کا ڈرامہ ’’عید سجناں دی‘‘ سرفہرست رہا جبکہ دوسرے نمبر پر تماثیل تھیٹر کا ڈرامہ ’’موج میلہ‘‘ رہا۔ جبکہ دیگر ڈراموں میں ’’سجنی‘‘ ، ’’تیرا جلوہ طوفانی‘‘ اور لالہ شہزاد کا ڈرامہ ’’سوہنیو عید مبارک‘‘ قابل ذکر ہیں۔ عید کے موقع پر تھیٹر مالکان نے جہاں عید کا دوگنا کرایہ وصول کیا وہاں تھیٹر کے اداکاروں اور رقاصاؤں نے بھی دگنی فیس وصول کی۔ تھیٹر پروڈیوسرز نے بعض رقاصاؤں کو 16 دن کے سپیل کے 6 چھ لاکھ روپے بھی دیئے۔ پروڈکشن اخراجات کے بڑھنے کے باعث تھیٹر پروڈیوسرز نے بھی ٹکٹوں میں دوگنا اضافہ کردیا۔ الحمرا ہال I کا ریٹ عام دنوں میں 16 دن کے ڈرامہ سپیل کا 5 لاکھ روپے ہے۔ اس بار الحمرا نے اپنے دونوں ہال نیلام کئے جس سے ہال نمبر I، 18 لاکھ میں نیلام ہوا۔ تھیٹر کے سنجیدہ حلقوں نے الحمرا انتظامیہ کی اس روش پر کڑی تنقید کی ہے اور ڈرامہ ہالوں، اداکروں کی فیسوں اور ٹکٹوں کی قیمتوں اور اضافہ کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ قرار دیا۔