دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں‘ آخری گولی تک لڑیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ثناءنیوز) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ہفتے کو اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی حکومت دہشت گردوں کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی اور ان کے خلاف اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک وہ وہاں سے چلے نہیں جاتے۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ پولیس لائن دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افسران کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ‘ صوبائی وزرا عبدالرحیم زیارت والا‘ نواب محمد خان شاوان اور آئی جی بلوچستان پولیس مشتاق سکھیرا بھی موجود تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت دھمکیوں کے حوالے سے آگاہ ہے اور ہم دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم ان بزدلانہ حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں اور آخری گولی تک لڑائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ صوبے کی شناخت ہے اور ہم اس پر دہشت گردوں کو حکومت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلی نے جاں بحق ہونے والے پولیس افسران کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے اہلخانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ یہ حملہ پولیس کے عزم و حوصلے کو کمزور کرنے کی کوشش ہے اور آئی جی بلوچستان کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس فورس کا مورال بلند رکھیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ اس لڑائی میں پولیس اکیلی نہیں، انہیں عوام اور حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔