”مر گئے تو کیا ہوا، فوجی بھرتی ہی ملک کیلئے قربانی کی خاطر کئے جاتے ہیں“
نیو دہلی(آن لائن)مرگئے تو کیا ہوا؟ پولیس والے اور فوجی بھرتی ہی اس لئے کئے جاتے ہیں کہ ملک کیلئے قربانی دیں۔ یہ بیان بھارتی وزیر کو مہنگا پڑ گیا۔ صوبہ بہار کے وزیر بھیم سنگھ نے یہ بیان 3 دن پہلے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے 5 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر دیا تھا۔ بھارتی حکومت نے بہار سے تعلق رکھنے والے ان فوجیوں کی ہلاکت کی ذمے داری پاکستانی افواج پر ڈالی تھی۔ ایسے موقع پر بھیم سنگھ کے بیان پر بھارتی میڈیا نے خوب شور کیا۔ جس پر بھیم سنگھ کی پارٹی جنتا دل یونائیٹڈ نے انہیں اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا اور 7 دن میں بیان کی وضاحت کا حکم دیا ہے۔