• news

کوئٹہ میں دھماکہ، 2 افراد جاںبحق، ایف سی کی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) سریاب روڈ کوئٹہ میں دھماکے سے 2 افراد جاںبحق ہو گئے۔ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل پر لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں پھٹ گیا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان کی ضلع بولان کے علاقے پیر غائب اور کھجوری میں کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ 10 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ایف سی بلوچستان سبی سکاﺅٹس نے ضلع بولان کے علاقے پیر غائب اور کھجوری میں شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گرفتار ملزموں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزموں کو لیویز کے حوالے کر دیا ہے، ملزمان کے قبضے سے 22 گلو گرام دھماکہ خیز مواد 2 عدد کلاشنکوف بمعہ 4 عدد میگزین ایک عدد ریموٹ کنٹرول بم 2 عدد انٹینا 20 میٹر وائر ایک عدد ڈیٹونیٹر اور ایک عدد دوربین برآمد ہوئے۔ ایک اور واقعے میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے مغربی بائی پاس کے علاقے مری کیمپ میں سرچ آپریشن کے دوران 33 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن