چکی آٹا 2 روپے مہنگا، روٹی 6، نان 7 روپے کرنے کا اعلان
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میں آٹا چکی مالکان نے بجلی اور گندم کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر ایک کلو آٹے کی قیمت میں 2 روپے اضافہ کردیا ہے جس سے اس کا ریٹ 44 سے بڑھ کر 46 روپے کلو ہوگیا ہے۔ ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے سادہ روٹی کی قیمت 6 روپے اور نان کی قیمت 7 روپے کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین واحد کاشمیری نے کہا ہے بجلی، گیس، گندم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناءپنجاب کے فلور ملز مالکان نے واضح کیا ہے پنجاب حکومت نے آئندہ 3 دن تک سرکاری گندم کا اجرا نہ کیا تو آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 32 روپے تک اضافہ کردیا جائیگا کیونکہ اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 1380 سے 1400 روپے ہوگئی ہے۔ اس وقت پرچون سطح پر 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 760روپے ہے۔ سرکاری گندم کا اجرا نہ کیا تو اسکی قیمت 792 روپے کے لگ بھگ پہنچ جائیگی۔