ڈیرہ بگٹی کے متاثر ین کی آبادکاری ہماری ترجیحات میں شامل ہے: ڈاکٹر عبدالمالک
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے ڈیرہ بگٹی کے متاثرین کی آباد کاری ہماری ترجیحات میں شامل ہے، نقل مکانی کرنے والے افرادکی مشکلات اور مصائب سے بخوبی آگاہ ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر خان بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا بلوچستان میں امن و امان کی بہتر اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے ڈیرہ بگٹی کے متاثرین کی دوبارہ اپنے علاقوں میں آباد کاری ناگزیر ہے، ملاقات میں بلوچستان کے معاملات ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ کرتے ہوئے دونوں رہنما¶ں نے بلوچستان کے معاملات پر مزید رابطوں اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے وہ بلوچستان اور ڈیرہ بگٹی کے مسئلے پر ملک بھر کے سیاسی قوتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے گذشتہ روز جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر خان بگٹی نے ملاقات کی اور ان سے ان کے بڑے بھائی نصیر احمد بلوچ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔