• news

وزیراعظم کا دوسری بار وزارت داخلہ کا دورہ نئی سکیورٹی پالیسی پر بریفنگ دی گئی‘ دہشت گرد ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنا چاہتے ہیں‘ امن کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہونگی: نوازشریف

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+آئی این پی + نوائے وقت نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے‘ دہشت گرد ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں‘ ان کا خاتمہ کئے بغیر ترقی و خوشحالی نہیں آئے گی۔ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرتے ہوئے ان کی استعداد کار کو بڑھایا جائے گا۔ وہ منگل کو دوسری بار وزارت داخلہ کے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو نئی سکیورٹی پالیسی کے ابتدائی خاکے پر بریفنگ دی جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو صوبوں کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ کے طریقہ کار اور ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ہدایت کی کہ سکیورٹی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کے افسران سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پر عزم ہے اور اس کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ ملک کو امن و امان کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امن قائم نہیں ہو گا ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور نہ ہی معیشت کا پہیہ چل سکے گا۔ دہشت گرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کو دہشت گردوں کے مقابلے کےلئے جدید ترین ہتھیار فراہم کئے جائیں جبکہ سکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ان کو تربیت دی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوبوں سے مشاورت کو مزید موثر بنایا جائے۔ دہشت گردی کسی ایک علاقے کا مسئلہ نہیں۔ سب کو مل کر امن کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ حکومت شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ نئی سکیورٹی پالیسی میں دہشت گردی کی روک تھام کے لئے موثر میکنزم تیار کیا جائے۔ سکیورٹی ادارے انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ کو آرڈی نیشن کو مزید مربوط بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن