• news

امریکہ طالبان سے مذاکرات کرسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں: گورنر، اے پی سی جلد ہونی چاہئے: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی منور حسن سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منورحسن نے کہاکہ ہم گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا منصورہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر اے پی سی بلا کر ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے عوام کے دلوں میں موجود خدشات کو دور کرنا چاہیے ۔ اے پی سی بلانے میں جتنی تاخیر ہو گی، عوام کے اندر بے چینی بڑھے گی۔ انہوں نے کہاکہ طالبان کی مذاکرات کی پیش کش پر حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو پورے ہو م ورک کے ساتھ اور ایجنڈا طے کر کے آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے تاکہ مسائل کا حل نکالا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ جب عالمی برادری جانتی ہے کہ ڈرون حملے غیر قانونی ہیں تو ان کو بند کروانے کے لیے آواز کیوں نہیں اٹھاتی؟ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ منصورہ کا یہ میرا پہلا دورہ نہیں، میں پہلے بھی کئی بار یہاں آچکا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں میں نے برطانیہ میں رہتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ میں بھی ڈرون حملوں کے خلاف آواز اٹھائی تھی ۔چوہدری محمد سرور نے کہاکہ ملک و قوم کو جن خطرات اور چیلنجز کا سامناہے، ان سے نپٹنے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے قوم کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ این این آئی کے مطابق چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اور نیٹو فورسز افغانستان میں طالبان کیخلاف برسرپیکار رہنے کے باوجود ان سے مذاکرات کرسکتے ہیں تو ہم ایسا کیوں نہیںکرسکتے۔ سید منور حسن اگر طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں تو ہمیں قبول ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن