ضمنی انتخاب: 42 نشستوں پر 537 امیدوار، حتمی فہرست جاری
اسلام آباد+ لاہور (آئی این پی+ اپنے نامہ نگار سے) الیکشن کمشن نے اعلان کیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 42 نشستوں پر 537 امیدوار حصہ لیں گے۔ قومی اسمبلی کی 16، صوبائی اسمبلی کی 26 نشستوں پر ضمنی انتخابات 22 اگست کو ہونگے۔ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 216، پنجاب اسمبلی کی 15 نشستوں پر 180، سندھ اسمبلی کی 4 نشستوں پر 82 امیدوار حصہ لیں گے۔ الیکشن کمشن کے مطابق خیبر پی کے اسمبلی کی 4 نشستوں پر 27، بلوچستان کی 3 نشستوں پر 32 امیدوار مدمقابل ہونگے۔ الیکشن کمشن نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن اسمبلی انجم عقیل کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔ لاہور سے اپنے نامہ نگار سے کے ضمنی انتخابات کے باعث تین دن کے لئے عدالتوں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لاہور کے چاروں حلقوںجن میں ایک قومی اور تین صوبائی شامل ہیں کے ریٹرننگ افسران 21 تا 23 اگست اپنے فرائض سر انجام دینگے۔عدالتی عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی دے گا۔ علاوہ ازیں این اے 129 کے ریٹرننگ افسر اکمل خان نے غیر حاضر اساتذہ کے وارنٹ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو حکم دیا ہے کہ غیر حاضر 22 اساتذہ کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔