بھارت میں سفارتی عملہ کم کرنے کیلئے پاکستانی ہائی کمشن کی وزیراعظم کو باضابطہ درخواست
اسلام آباد/ نئی دہلی (آن لائن) سرحدوں پر کشیدگی کے باعث وزیراعظم نواز شریف کو بھارت میں سفارتی عملہ کم کرنے کے لئے پاکستانی ہائی کمشن کی باضابطہ درخواست موصول ہو گئی ہے، صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم قومی سلامتی کے ادارے، فوج اور کابینہ کی ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کریں گے۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے عملے کو فول پروف سکیورٹی نہ دینے پر سفارتی عملہ کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی ہائی کمشن اور سفارتی عملے کی رہائش گاہ کے قریب مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں حکومتی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو سفارتی عملہ کم کرنے کے لئے پاکستانی ہائی کمشن کی درخواست موصول ہو چکی ہے۔ حکومت پاکستان نے بھارت سے نئی دلی اور ممبئی میں قومی ائرلائن پی آئی اے کے دفاتر کی سکیورٹی بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ شیوسینا کی دھمکیوں کے بعد کیا گیا۔ بھارتی اخبار کا دعویٰ ہے کہ مناسب سکیورٹی نہ ملنے کے سبب پاکستان نے بھارت میں اپنے عملہ کی تعداد کم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یہ دعویٰ ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔