قواعد و ضوابط کار معطل کرکے وقفہ سوالات ختم کرنے پر شیخ علاوالدین کا احتجاج
لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومتی رکن شیخ علاو الدین نے پنجاب اسمبلی میں اس بات پر شدید احتجاج کیا کہ اسمبلی کے قواعد و ضوابط کار کو معطل کرکے وقفہ سوالات ختم کر دیا جاتا ہے جس سے مفاد عامہ کے اہم سوالات اسمبلی میں پیش نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے گذشتہ روز وقفہ سوالات میں صحت سے متعلق سوالات پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومت کا مسودہ قانون اہم ضرر ہے تاہم ساتھ ہی ساتھ سلگتے ہوئے مسائل پر بھی بحث ہونی چاہئے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اربوں روپے مالیت کے 10 کولڈ روم کے معاملے کو بجٹ اجلاس سے زیر التوا رکھنے پر تنقید کی جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ آپ میرے کام میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ شیخ علاو الدین نے کہا کہ میں آپ کا کام کبھی نہیں روکتا اس پر سپیکر رانا اقبال خان نے کہا میں آپ کواس پر شاباش دیتا ہوں جس پر شیخ علاو الدین اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔