• news

امریکہ خفیہ جاسوسی کے پروگرام پر اتحادیوں کو اعتماد میں لے گا: امریکی وزیر خارجہ

 برازیلیا(آئی این پی)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ خفیہ جاسوسی کے پروگرام کے حوالے سے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لے گا ۔ بدھ کو عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برازیلین ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ برازیل اور دیگر اتحادیوں کو جاسوسی اور نگرانی کے پروگرام سے متعلق حقائق سے آگاہ کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتی ہوئی تجارت اور سفارتی و ثقافتی روابط کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ اس موقع پر برازیل کے وزیرخارجہ انتونیو پاتریوتا نے اپنے کہا کہ برازیل کو حال ہی میں افشاءہونے والی معلومات کے تناظر میں وضاحت سے بڑھ کر جواب درکار ہے۔ واضح رہے کہ خفیہ امریکی دستاویزات سے پتا چلا تھا کہ امریکہ متعدد دیگر ممالک کی طرح برازیل کے شہریوں کی بھی ای میلز اور ٹیلی فون کالز کی نگرانی کرتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن