• news

ضمنی الیکشن میں کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دینگے: جاوید ہاشمی

اوکاڑہ (نامہ نگار) مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ضمنی الیکشن کے روز سرکار کی جانب سے اگر دھاندلی نہ ہوئی تو عوام بھاری اکثریت سے ہمارے امیدواروں کامیاب کروائیں گے، کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف کے کارکن خود انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدارتی الیکشن میں اگر تحریک انصاف بھی دیگر جماعتوں کی طرح بائیکاٹ کر دیتی تو پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہوتی۔ ہم حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اورامن وامان قائم اور اپنی رٹ قائم کر کے دکھائیں گے۔جاوید ہاشمی نے کہا کے اگر حالیہ انتخابات میں انتخابی نتائج میں ردوبدل نہ کیا جاتا اور عوامی مینڈیٹ کو حقیقی معنوں میں تسلیم کیا جاتا تو آج ہم کے پی کے کی طرح باقی صوبوں اور وفاق میں بھی حکومت بنا چکے ہوتے۔

ای پیپر-دی نیشن