دوسروں کی جنگ اپنے سر پر مسلط کرنے سے دہشت گردی نے ہمارا گھر دیکھ لیا: احسن اقبال
دوسروں کی جنگ اپنے سر پر مسلط کرنے سے دہشت گردی نے ہمارا گھر دیکھ لیا: احسن اقبال
جدہ (امیر محمد خان سے) ہم جب حزب اختلاف میں تھے تو ہم سمجھتے تھے کہ ٹرانسمیشن لائنز حکومت نے نہیں بچھائیں اس لئے بجلی فراہم نہیں مل رہی، جب اقتدار میں آئے تو معلوم ہوا کہ بجلی پیدا ہی نہیں ہو رہی، اس لئے ہم نے پانچ سو ارب روپے کا کڑوا گھونٹ پیا، ادائیگیاںکیں اور بجلی پیدا کرنے کے ذرائع پر کام کررہے ہیں، قوم کو ترقی کیلئے کچھ تکالیف بھی برداشت کرنا پڑتی ہیں، یہ بات وزیر تعلیم احسن اقبال نے جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ کے زیراہتمام یوم آزادی کی تقریب میں قونصل جنرل آفتاب کھوکر نے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری سعودی عرب سے لازوال دوستی ہے مگر آج تک ہم نے اس دوستی کو اپنے معاشی استحکام کیلئے استعمال نہیں کیا اس میں ہماری ہی غلطی ہے۔ سعودی عرب جو درآمدات بھارت کی ہیں صرف پانچ فیصد درآمدات پاکستان سے ہوتی ہیں، معاشی ترقی ہی سے ملک کی سرحدیں مضبوط ہونگی، ہمیں ورثے میں بے پناہ مسائل ملے ہیں وہ عوام کے تعاون سے حل کریںگے، ہم نے دوسروں کی جنگ اپنے سر پر مسلط کرلی اسلئے دہشت گردی نے ہمارا گھر دیکھ لیا ہے، معاشی ترقی ہوگی تو دہشت گردی بھی ختم ہوگی۔ وزیر تعلیم اور قونصل جنرل نے ملکر پرچم کشائی کی۔ ریاض میں سفیر پاکستان محمد نعیم خان نے سفارت خانہ میں پاکستان کا پرچم لہرایا اور پاکستان کمیونٹی سے خطاب کیا۔
احسن اقبال