انور سنی نے لاہور تا قصور جشن آزادی سائیکل ریس جیت لی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والی جشن آزادی لاہور تا قصور سائیکل ریس انور سنی نے جیت لی۔ 51کلومیٹر کا فاصلہ انور سنی نے 1 گھنٹہ 28 منٹ اور 18 سیکنڈ میں طے کیا۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور سے شروع ہونے والی ریس میں 47 سائیکلسٹ نے حصہ لیا جس کا افتتاح پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری چودھری کامران امین نے کیا۔ شہباز مسیح نے دوسری، نذیر نے تیسری، عظیم نوبل نے چوتھی، عبدالرحمان نے پانچویں جبکہ کاشف نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ریس میں شریک بابا سنجا دت کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ریس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی طارق کمانڈو تھے جنہوں نے کامیاب سائیکلسٹ میں انعامات تقسیم کئے۔