• news

سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ شہباز شریف: سیالکوٹ‘ نارووال کا 4 گھنٹے سے زائد دورہ

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے کام میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اس ضمن میں کسی صورت غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو علاقے شدید بارشوں کی وجہ سے کٹ گئے ہیں وہاں آمد و رفت کے راستوں کی فوری بحالی اور سیلاب میں پھنسے عوام کو راشن، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کشتیوں کے ذریعے امدادی سرگرمیاں فوری شروع کی جائیں۔ یہ بات انہوں نے سیالکوٹ اور نارووال کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے4 گھنٹے طویل دورے کے دوران بریفنگ اجلاسوں اور شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت سے بڑھ کر اور کوئی عبادت نہیں ہوسکتی اور ہم مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ میں خود بھی 24 گھنٹے سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں کے بارے میں آگاہی حاصل کر رہا ہوں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ سیالکوٹ میں نالہ ایک میں 5 لاکھ کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس نالے کی گنجائش صرف 40 ہزار کیوسک پانی ہے۔ انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ اور ڈی سی او سیالکوٹ کی امدادی کاموں میں سست روی کا مظاہرہ کرنے پر سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بند کمروں میں بریفنگ اجلاسوں کا نہیں بلکہ مصیبت میں گھرے عوام کی عملی خدمت کا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے علاوہ سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو5، 5 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ محمد شہباز شریف نے سیالکوٹ شہر، بجوات، بدوملہی،نارووال، ظفروال، پسرور، میہال اور دیگر متاثرہ علاقوں کا 4 گھنٹے سے زائد زمینی و فضائی جائزہ لیا اورمختلف مقامات پر گاڑی سے پانی میں اتر کر شہریوں سے بات چیت کی ۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام سرکاری ادارے اور محکمے صوبے میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل رکھیں اور ممکنہ سیلاب سے آبادیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ لوگوں کے جان ومال کا تحفظ پہلی اور آخری ترجیح ہونی چاہئے ۔ متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کے لئے 10 کروڑ روپے فوری طور پر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حالیہ شدید بارشیں اور دریا¶ں میں پانی کی صورتحال ایک چیلنج ہے جس سے قومی ذمہ داری سمجھ کر نمٹنا ہو گا۔ وہ صوبے میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر آبپاشی یاور زمان ، وزیر صحت خلیل طاہر سندھو، وزیر ہا¶سنگ ملک تنویر اسلم ، معاون خصوصی ارشد جٹ، چیف سیکرٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، آئی جی پنجاب، متعلقہ سیکرٹریز، پاک فوج، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پی ڈی ایم اے ، ریسکیو1122 اور دیگر محکموں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری آبپاشی نے شدید بارشوں اور دریا¶ں میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے گڑھ مہاراجہ کے قریب دریائے چناب پر بغیر حفاظتی بند پل کی تعمیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے حکام کی سرزنش کی اور اس ضمن میں کوتاہی برتنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری کے لئے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

ای پیپر-دی نیشن