اوگرا کرپشن سکینڈل:توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میںمزید 14 روز کی توسیع
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت اسلام آباد نے اوگرا کرپشن سکینڈل کے مرکزی کردار توقیر صادق کو مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے انہیں 30 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ توقیر صادق نے گذشتہ روز عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ انکا کمرہ بہت تنگ ہے، کھلی فضا میں ٹہلایا نہیں جاتا۔ آکسیجن کی کمی ہے جس کی وجہ سے یادداشت کم ہو جاتی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ توقیر صادق کو کھلی فضا میں ٹہلایا جائے۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ 19 گواہان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جو کراچی میں ہیں۔ ایک طرف توقیر صادق تفتیش میں تعاون نہیں کرتا اور دوسری جانب مقدمہ کے گواہان کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ توقیر صادق مزید 42 دن نیب کا مہمان رہ سکتا ہے۔ گذشتہ روز احتساب عدالت نے چوتھی مرتبہ ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا۔ نیب قوانین کے تحت ٹھوس شواہد کی بنا پر 90 دن تک ملزم کا ریمانڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اگر نیب لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں واپس لانے میں کامیاب ہوتا تو یہ اسکی ساکھ کیلئے بہت بہتر ہو گا اور اگر وہ شواہد لانے میں ناکام ہوتا ہے تو توقیر صادق کے ساتھ زیادتی ہو گی کہ انہیں بلاوجہ زیر حراست رکھا گیا اور پچاس لاکھ کا خرچہ کر کے دبئی سے وطن واپس لایا گیا۔