پشاور: اے این پی کی رہنما نجمہ حنیف کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا، شوہر بم دھماکے میں مارے گئے تھے
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر اے این پی کی رہنما نجمہ حنیف کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ نجمہ حنیف کے سر پر گولی ماری گئی۔ نجمہ حنیف خواتین کی مخصوص صوبائی نشست پر امیدوار تھیں۔ نجمہ حنیف کے شوہر حنیف جدون 2011ءمیں بم دھماکوں میں جاں بحق ہوگئے تھے۔نجمہ حنیف کی میت ان کے آبائی شہر صوابی بھجوا دی گئی۔ دریں اثناءچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اے این پی کی رہنما نجمہ حنیف کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ عمران خان نے صوبائی حکومت کو نجمہ حنیف کے قتل کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔