انڈر 16 فٹبال کوالیفائرز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا : فیصل صالح حیات
انڈر 16 فٹبال کوالیفائرز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا : فیصل صالح حیات
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن ملک کا ساف امیج دنیا میں متعارف کرانے کے لئے بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم حکومت تعاون نہیں کر رہی ہے۔ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیکر ستمبر کے تیسرے ہفتے پاکستان میں منعقد ہونے والے اے ایف سی انڈر 16 کوالیفائر راونڈ کے انعقاد کے لئے سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے پی ایف ایف ہاوس ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری فیڈریشن کرنل (ر) احمد یار لودھی، کرنل (ر) فراست اور سردار نوید حیدر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، بین الالصوبائی رابطہ کمیٹی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو متعدد بار سکیورٹی کی فراہمی کے لئے خطوط لکھے ہیں لیکن کسی خط اور فون کا جواب نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عدم دلچسپی کی بنا پر اگر پاکستان بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی سے محروم ہوا تو اس کی تمام ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔ حکومت سے ہم صرف اور صرف سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کو بھی لاہور میں بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لئے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن غیر سیاسی تنظیم ہے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا سوفٹ امیج متعارف کرانے کے لئے بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کرا رہے ہیں۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کوشش سے ملک میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی رابطہ کمیٹی اگر کسی غیر ملکی ٹیم کو پاکستان میں لا سکتی ہے تو وہ ایسا کر کے دکھائے۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لئے ہماری مدد کر رہی ہے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ بھی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو سپورٹ کرئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے ہمارا مطالبہ صرف اور صرف سکیورٹی فراہم کرنے کا ہے۔ 23 سے 30 ستمبر تک اے ایف سی انڈر 16 کوالیفائر را¶نڈ پاکستان میں منعقد ہونا ہے جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ یو اے ای، سری لنکا اور ایران کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔