• news

بھوجا ائیر لائن حادثہ‘ تحقیقاتی کمشن کے سربراہ کیلئے جسٹس (ر) عبدالرحمن کا نام تجویز

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلا م آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بھوجا ائر لائن حادثہ کے تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی کیلئے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس عبدالرحمن خان کا نام تجویز کیا ہے تاہم اس تجویز کو انہوں نے جسٹس (ر) عبدالرحمن خان کی رضامندی سے مشروط کیا ہے۔ قبل ازیں فاضل عدالت نے سپریم کورٹ کے ریٹائر جج جسٹس خلیل الرحمن رمدے کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم بعد میں جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے ذاتی وجوہات کی بناءپر کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی تھی۔ جمعہ کو مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، بھوجا ائیر اور فاروق عمر بھوجا کے وکلا ءسے مذکورہ کمیشن کی سربراہی کیلئے سپریم کورٹ کے کسی ریٹائرڈ جج کا نام تجویز کرنے کا کہا مگر انہوںنے فاضل عدالت سے جون 2013ءکے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی۔ فاضل جج نے کہا جب اس طرح کی کوئی درخواست آئیگی تو اس وقت دیکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن