”امریکی خفیہ ادارے نے پانچ برس کے دوران ہزاروں بار اختیارات سے تجاوز کیا“
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی خفیہ ادارے (نیشنل سکیورٹی ایجنسی) نے گزشتہ پانچ سال کے دوران ہزاروں بار اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے عام شہریوں کی جاسوسی میں قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا۔ یہ انکشاف معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کیا۔ رپورٹ کے مطابق این ایس اے کی طرف سے قوانین کی خلاف ورزی اور اختیارات سے تجاوز کا علم انٹرنل آڈٹ اور دیگر انتہائی خفیہ دستاویزات کے تجزیہ کے ذریعہ ہوا۔ یہ دستاویزات خفیہ ادارے کے اہلکارایڈورڈ سنوڈن نے واشنگٹن پوسٹ کو فراہم کیں جو اس وقت عارضی پناہ حاصل کرنے کے بعد روس میں مقیم ہے۔ ایک دستاویز کے مطابق این ایس اے نے اپنے عملہ کو امریکہ کے جسٹس ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس سے متعلقہ رپورٹس کی بعض تفصیلات تبدیل کرنے کے احکامات دیئے۔ ایک اور موقع پر این ایس اے نے امریکی شہریوں کی جاسوسی سے متعلق حقائق کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کی۔ 2008ءمیں امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے فون ڈائلنگ کوڈ کے غلطی سے مصر کے ڈائلنگ کوڈ کا ایک ہندسہ شامل ہو جانے کے بعد واشنگٹن سے کی جانے والی لاتعداد فون کالز کو ریکارڈ کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں 12ماہ کے دوران این ایس اے کی طرف سے اختیارات سے تجاوز کے 2776 واقعات کی نشاندہی کی گئی یہ واقعات ایسی گفتگو جسے قانونی تحفظ حاصل تھا تک رسائی ‘ اسے ریکارڈ کرنے اور مختلف افراد اور اداروں کو فراہم کرنے سے متعلق ہیں۔