• news

مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے مفاہمت

 اسلام آباد(ثناءنیوز) حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کے درمیان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر مفاہمت ہو گئی ہے۔ حکومت کی طرف سے 19اگست پیر کو قائم کمیٹیوں میں ضروری رد و بدل کے بعد ان کو حتمی شکل دیدی جائے گی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق اختلافات کو دور کرنے کیلئے جمعہ کو اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے حکومت جبکہ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی اور عارف علوی نے اپنی جماعت کی نمائندگی کی۔ ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹیوں میں مناسب نمائندگی نہ ملنے کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازع کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا ہے۔ حکومت قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تبدیلی پر آمادہ ہوگئی ہے۔ اپوزیشن کو مناسب نمائندگی دی جارہی ہے اپوزیشن سے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں بھی مناسب نامزدگیاں ہونگی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں حکمراں جماعت کے سرکردہ پارلیمانی ارکان کے مشاورتی اجلاس میں کمیٹیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے دوبارہ تشکیل کی منظوری دی جائے گی۔ بعد ازاں اس حوالے سے ایوان میں کمیٹیوں کے اراکین کو نظر ثانی فہرستیں پیش ہونگی۔

ای پیپر-دی نیشن