بھارت کا پاکستان سے مطلوب عبدالکریم عرف ٹنڈا کو نیپالی سرحد سے گرفتار کرنے کا دعویٰ
نئی دہلی (ثناءنیوز+ اے ایف پی) بھارت کو پاکستان سے مطلوب شدت پسند سید عبدالکریم عرف ٹنڈا کو دہلی پولیس نے بھارت نیپال سرحد سے گرفتار کیا ہے۔ٹنڈا بھارت کو 40 سے زیادہ بم دھماکوں کے الزام میں مطلوب تھا۔دارالحکومت دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر سپیشل سیل ایس این سریواستو نے کہا کہ عبدالکریم عرف عبدالقدوس ٹنڈا کو جمعے کو بھارت نیپال سرحد پر بنواسا کے مقام سے گرفتار کیا گیا۔ اور سنیچر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ اس کے پاس سے پاکستان کا ایک پاسپورٹ ضبط کیا گیا ہے جس پر اس کا نام عبدالقدوس درج ہے۔پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ انہیں ٹنڈا کے نام سے اس لیے جانا جاتا ہے کہ انھوں نے اپنا بایاں ہاتھ بم بنانے کی کوشش میں گنوا دیا تھا۔جوائنٹ پولیس کمشنر ایم ایم اوبرائے نے کہا کہ 2004 ءمیں اس کی موت کی ایک خبر آئی تھی لیکن 2005 ءمیں پھر پتہ چلا کہ وہ دہشت گردانہ کاروائیوں میں سرگرم ہے۔پولیس کے مطابق اس نے چالیس سال کی عمر میں شدت پسندی اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لینا شروع کیا۔پولیس نے یہ بھی بتایا کہ وہ سرحد پار سے بھارت میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں ملوث رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق اسےبظاہر ایک خلیجی ملک سے ملک بدر کر کے روانہ کیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر کا دعوی ہے کہ ٹنڈا کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر طیبہ سے ہے اور اسے بم بنانے کے ماہر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ٹنڈا کے بارے میں انٹرپول کی جانب سے ایک نوٹس 1996 ءمیں جاری کیا گیا تھا۔بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ ٹنڈا ان بیس افراد میں شامل ہیں جنہیں 2001 ءمیں بھارتی پارلیمان پر ہوئے حملے کے بعد پاکستان سے طلب کیا گیا تھا۔اس فہرست میں حافظ محمد سعید کے علاوہ جیش محمد کے سربراہ مولانا اظہر مسعود کا نام بھی شامل تھا۔بھارت کے مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے ٹنڈا پر جموں کشمیر کے باہر ممبئی کے سلسلہ وار دھماکوں، حیدرآباد، دہلی، روہتک ہریانہ،اور جالندھر پنجاب کے دھماکوں میں جن میں 20 افراد ہلاک اور 400 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے، میں مورد الزام ٹھہرایا تھا۔