بھارتی آبی جارحیت کیخلاف حکومت اقوام متحدہ میں آواز اٹھائے: حافظ سعید
سادھوکی (نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ سیالکوٹ، واہنڈو، مریدکے اور سادھوکی سمیت دیگر علاقوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر حافظ محمد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے، بھارت نے اپنے علاقوں کو بچانے کے لئے سیلابی پانی کو پاکستانی علاقوں میں چھوڑ دیا ہے۔ اس موقع پر حافظ محمد سعید کے ہمراہ فلاح انسانیت فاونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف، جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما نصرجاوید، یحییٰ مجاہد و دیگر ہمراہ تھے۔ حافظ محمد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بارشیں تو ہرسال ہوتی ہیں لیکن گذشتہ چند برسوں سے آنے والے شدید درجے کے سیلابوں کے پیچھے بھارت کی شرارتوں کا بھی بڑا کردار ہے۔ لائن آف کنڑول اور پاکستانی بارڈر پر اشتعال انگیزی سے زیادہ خطرناک بھارت کی آبی جارحیت ہے جس نے ملکی معیشت اور عام افراد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی دریائوں پر 62 سے زائد ڈیم بنا لئے ہیں اوران میں جمع ہونے والے پانی کو بھارت اپنے علاقوں کو بچانے اور پاکستان کو معاشی طور پر اپاہج بنانے کے لئے پاکستانی علاقوں میں چھوڑ دیتا ہے۔ جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے۔ حکومت کو بھارتی آبی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں آواز اٹھانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی بڑی جماعتوں اور حکومت کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے فوراً آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو کے لئے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ جماعۃ الدعوۃ کے ادارے فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے ملک بھر کے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ گذشتہ روز فلاح انسانیت فائونڈیشن کی امدادی ٹیموں نے مریدکے، واہنڈو، سادھوکی اور گردونواح میں سیلابی ریلے میں پھنسے سینکڑوں لوگوں کو موٹر بوٹس اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ متاثرہ علاقوں میں پکی پکائی خوراک کے علاوہ موبائل کیمپ لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچائو کیلئے فری میڈیکل کیمپوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا۔