• news

’’حکمرانوں نے کشمیر کو پس پشت ڈال دیا، بھارت کی خوشنودی میں لگے ہیں‘‘

اسلام آباد (نامہ نگار) سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی 25 ویں برسی کے موقع پر ضیاء الحق فائونڈیشن کی جانب سے سیمینار سے خطاب میں مقررین نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران، امریکہ کی گود میں بیٹھ کر بھارت کی خوشنودی میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا ہے، جنرل ضیاء الحق کا مشن ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ تھا‘ ان کا مشن اور سوچ ہمیشہ زندہ رہے گی۔ سیمینار سے اعجازالحق، حمید گل‘ سردار عتیق احمد خان‘ مولانا سمیع الحق‘ عبدالرشید ترابی‘ غلام محمد صفی اور ڈاکٹر احمد علی سراج اور دیگر نے خطاب کیا۔ اعجاز الحق نے کہا کہ امریکہ اب افغانستان سے جانے کی تیاریاں کر رہا ہے مگر پاکستان کے حکمران اب بھی امریکہ کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں۔ کشمیری عوام حقیقت میں پاکستانی حکمرانوں کے روئیے کی وجہ سے مایوس ہوچکے ہیں۔ ذاتی مفادات کی خاطر نظریات تبدیل کرنے والا شخص اگر بیس بار بھی وزیراعظم بن جائے تو وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ مصر میں فوج کی مداخلت پر پاکستانی حکومت کو پرزور احتجاج ریکارڈ کرانا چاہئے۔ حمید گل نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ جنرل ضیاء الحق  کی سر پرستی کے باعث جو افراد حکمران بنے ہیں وہ اب ان کا نام لیتے ہوئے بھی شرم محسوس کرتے ہیں۔ ضیاء الحق کے طیارے میں کوئی فنی خرابی نہیں تھی بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ان کے طیارے کو نشانہ بنایا گیا اور اس حوالے سے سرکاری سطح پر جو رپورٹس تیار کی گئیں وہ جھوٹ پر مبنی تھیں۔ حکمران کشمیری عوام کو بھلاکر بھارتی خوشنودی میں مصروف ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ضیاء الحق شہید کا مشن اب بھی زندہ ہے جو بہادری کی صورت میں ہمیشہ جاری رہے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن