کراچی : فائرنگ سے متحدہ کے رہنماسمیت 5 جاں بحق، مکان پر بم حملہ، 2 بچے زخمی
کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں4 افراد ہلاک جبکہ مکان پر بھتہ خوروں کے بم حملے میں دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے ڈاکخانے کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت 30 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی۔ ادھر 15 اگست کو کھارادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ اسکی شناخت محمد علی کے نام سے کی گئی۔ لیاری کے علاقے 8 چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ صدیق جاں بحق ہوگیا۔ کورنگی نمبر تین میں اندھی گولی لگنے سے چھت پر سوئی 16 سالہ حنا شاہد ہلاک ہو گئی۔ دوسری جانب نیو کراچی میں کار سوار افراد ہاتھ پائوں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد شہزاد کو زخمی حالت میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے فضل مل کے قریب گولی لگنے سے 25 سالہ اختر زخمی ہوگیا۔ لیاری کے علاقے بہار کالونی میں فائرنگ سے 30 سالہ ولی زخمی ہو گیا۔ ادھر کراچی کے علاقے سچل کے گوٹھ حاجی محمد میں مکان پر بم حملے میں 2 بچے شدید زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ پولیس کے مطابق سچل کے رہائشی حا جی سلمان کے گھر کے باہر پیکٹ میں دھماکہ خیز مواد رکھ دیا جو دھماکے سے پھٹ گیا جس سے بچے زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں کلاکوٹ کے علاقے لی مارکیٹ میں 45 سالہ محمد صادق کی لاش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا سابق یونٹ انچارج بتایا جاتا ہے۔