• news

ضمنی انتخابات : اے این پی کا سندھ‘ جماعت اسلامی کا کراچی میں بائیکاٹ ‘ لاہور میں ریلیوں پر پابندی

لاہور/ اسلام آباد/ کراچی (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 42 نشستوں پر 22 اگست کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم اپنے عروج پر ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق انتخابی مہم (آج) 19 اور 20 اگست کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہو جائے گی۔ ضمنی انتخابات میں 537 امیدوار حصہ لے رہے ہیں‘ زیادہ نشستیں پنجاب میں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے دوران ہر حلقے میں فوج کو بھی شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے تعینات کیا ہے اور اس بار ریٹرننگ افسران کے ساتھ فوجی افسران کو بھی مجسٹریٹ کے اختیارات دئیے ہیں۔ ادھر اے این پی نے سندھ جب کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ ترجمان اے این پی سندھ بشیر جان نے بتایا جس طرح عام انتخابات میں مختلف نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کی تھی، اسی طرح ضمنی انتخابات میں بھی پی پی امیدواروں کی حمایت کریں گے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان زاہد عسکری نے کہا کراچی بھر میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما امتیاز شیخ نے چیف جسٹس افتخار چوہدری اور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر تصدق حسین جیلانی سے مطالبہ کیا ہے سندھ میں تمام پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے۔ امتیاز شیخ کی جانب سے بھجوائے گئے خط میں الزام لگایا گیا ہے پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی جامع منصوبہ بندی تیار کرلی ہے۔ اس کو ناکام بنانے کیلئے ہماری شکایات کا سخت نوٹس لیں۔ مزید برآں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدیق حسین جیلانی نے ضمنی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے اور حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج کی تعیناتی کے بارے میں فیصلہ کیلئے چاروں صوبائی حکومتوں سمیت وفاقی حکومت اور وزارت دفاع کے حکام کا اجلاس (آج) پیر کو الیکشن کمشن میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز‘ سیکرٹری دفاع‘ چیئرمین این ڈی ایم اے او رڈی جی موسمیات کو بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ دریں اثنا الیکشن کمشن کا ایک انٹرنل اجلاس اتوار کی شام منعقد ہوا جس میں ضمنی انتخابات کےلئے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے جھل مگسی میں ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔ نجی ٹی وی کا کہنا ہے الیکشن کمشن آج تمام چیف سیکرٹریز سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا۔ الیکشن کمشنر پنجاب نے این اے 103 حافظ آباد میں الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ الیکشن کمشن نے سکیورٹی اقدامات پر حکومت اور اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اور آج اجلاس میں اسحاق ڈار اور خورشید شاہ کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق پولیس حکام نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور انکے حامیوں کو ریلیاں نکالنے سے روک دیا ہے۔ انہیں پولیس کی جانب سے نوٹسز بھجوا دئیے گئے ہیں۔ قائم مقام سی سی پی او لاہور طاہر رائے نے نوائے وقت سے گفتگو میں کہا امیدواروں کو جلسے کرنے کی اجازت ہے۔ دہشت گردی کے خطرہ کی وجہ سے ریلیاں نکالنے سے منع کیا گیا ہے جبکہ یہ الیکشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کیلئے فوری طور پر باقاعدہ خط لکھنے کے احکامات دیئے ہیں۔آن لائن کے مطابق الیکشن کمشن نے کراچی کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے سندھ کے چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری کو فوج کی تعیناتی کے حوالے سے خط بھیج دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن