حامد کرزئی اگلے ہفتے پاکستان آئینگے
کابل (آن لائن/ نوائے وقت رپورٹر) افغان صدر حامد کرزئی آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ افغان وزارت خارجہ کے ترجمان جانان موسیٰ زئی کے مطابق افغانستان پاکستان میں نئی حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں ملک تعلقات کے حوالے سے ایک نئی ابتدا کریں گے۔ ان کی طرف سے دورے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم افغان میڈیا کے مطابق کرزئی کے دورے کی تاریخ 27 اور 28 اگست ہے۔ ترجمان کے مطابق صدر حامد کرزئی کے دورہ پاکستان کیلئے ایجنڈا تیار کر لیا گیا۔ وہ وزیراعظم نواز شرف سے ملاقات کریں گے۔ حامد کرزئی خطے کی صورتحال اور سکیورٹی ایشو پر بات کریں گے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ، دو طرفہ تعلقات اور تجارت پر بھی بات چیت ہوگی۔