• news

گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ، سی این جی کی قیمت میں بھی اضافے کا امکان

اسلام آباد (ثناءنیوز) حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کے بعد آئندہ ہفتے سے گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ادھر سی این جی پر جنرل سیلز ٹیکس میں 6 فیصد اضافہ لاگو کرنے سے آئندہ دو تین روز میں اسکی قیمت میں اڑھائی روپے فی کلو کا مزید اضافہ ہوجائیگا۔ اس اضافے سے سی این جی 31 فیصد مہنگی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق گیس 20سے 80فیصد تک مہنگی کی جائیگی۔ ماہانہ 300یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اضافہ سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سی این جی ، صنعتی اور کمرشل صارفین کے ٹیرف میں 80 فیصد اضافہ کیا جائیگا۔ ٹیرف میں اضافہ کیلئے وزیر خزانہ ، پٹرولیم اور پانی بجلی پر مشتمل وزراءکی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ماہانہ 250 سے 300 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ 300 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے ٹیرف میں 20 فیصد اضافہ کیا جائیگا۔کمیٹی نے گیس ٹیرف میں اضافہ سے متعلق سوئی نادرن سے تجاویز طلب کر لی ہیں امید ظاہر کی جارہی ہے، آئندہ ہفتے سے باضابطہ طور پر گیس ٹیرف میں اضافہ کر دیا جائیگا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے عوام کو سی این جی پر جی ایس ٹی 26 فیصد سے بڑھا کر مزید جھٹکا دیئے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے نیشن کو بتایا کہ ایف بی آر اس حوالے سے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کرلے گا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جی ایس ٹی میں ایک فیصد اضافہ سی این جی کی عدم رجسٹریشن پر عائد ہوگا جبکہ 5 فیصد 15 ہزار اور اس سے زیادہ کے بلوں پر لگایا جائیگا۔ سپریم کورٹ پہلے ہی سی این جی پر 26 فیصد جی ایس ٹی پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے اور اس حوالے سے اسکا فیصلہ جلد آنے کی توقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن