پیپلز پارٹی سندھ نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دیدی، آج اسمبلی میں پیش ہو گا ‘متحدہ نے مسترد کردیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی نے نئے بلدیاتی نظام کے مجوزہ مسودے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیرصدارت پی پی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں آغا سراج درانی، شرجیل میمن، صوبائی وزراءاور اراکین سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔ نثار کھوڑو نے ارکان اسمبلی کے بلدیاتی نظام سے متعلق ڈرافٹ پر سوالوں کے جوابات دیے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کا مسودہ آج سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ بلدیاتی نظام سندھ کے عوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی میں موجودہ جماعتوں اور قوم پرست رہنماﺅں نے ڈرافٹ کی حمایت کی ہے۔ دریں اثناءایم کیو ایم نے سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کو مسترد کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ قانون و آئین کے مطابق انہیں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل نہیں کیا گیا۔ اس نظام میں مقامی حکومتوں کو مالی، سیاسی اور انتظامی اختیارات حاصل نہیں۔ اختیارات دیے بغیر عوامی نمائندے مسائل حل نہیں کر سکتے۔ مسودہ آئندہ کے آرٹیکل 140اے کی روح کے منافی ہے۔ مجوزہ بل کا مسودہ اسمبلی میں پیش کیا گیا تو اصول کی بنیاد پر مخالفت کریں گے۔