• news

تھائی لینڈ کی وزیراعظم کل دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی

اسلام آباد (آن لائن) تھائی لینڈ کی وزیراعظم ینگ لنگ شینا وترا کل 20 اگست کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی‘ انہیں اس دورے کی دعوت وزیراعظم نواز شریف نے دی ہے‘ ان کے ہمراہ ایک اعلی سطحی وفد بھی ہو گا جس میں ان کی کابینہ کے ممبران‘ اعلی عہدیدار اور تاجر شامل ہوں گے۔ وہ اپنے دورے کے دوران اپنے پاکستانی ہم منصب محمد نواز شریف سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے سمیت دیگر امور پر بات چیت کریں گی۔ تھائی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گی جبکہ وزیراعظم نواز شریف ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ بھی دیں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدے اور دو باہمی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ تھائی تجارتی وفد 20 اگست کو اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے علیحدہ ملاقات کریں گے جبکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس 21 اگست کو منعقد ہو گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ایک دہائی سے کسی بھی اعلیٰ تھائی قیادت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن