اسامہ کو امریکی فورسز نے ایبٹ آباد سے زندہ گرفتار کیا: زاہد سرفراز
اسلام آباد(آئی این پی+آن لائن) سابق وزیر داخلہ اور پرویز مشرف کی اے پی ایم ایل کے سابق رہنما میاں زاہد سرفراز نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 مئی 2011ء کو ایبٹ آباد میں امریکی فوجی آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن ہلاک نہیں ہوئے تھے بلکہ انہیں زخمی حالت میں امریکی فوج نے گرفتار کیا تھا۔ سابق صدر پرویز مشرف امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ایجنٹ تھے جنہوں نے اسامہ بن لادن سے اربوں ڈالر لیکر ایبٹ آباد میں انہیں پناہ دی اور پھر خود ہی سی آئی اے سے اربوں ڈالر لیکر اسامہ بن لادن کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ خدشہ ہے آئندہ 72 گھنٹوں میں ریمنڈ ڈیوس کی طرح پرویز مشرف کو بھی پاکستان سے بیرون ملک منتقل کردیا جائیگا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ملک و قوم اور افواج پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے اس شرمناک واقعہ کا ازخود نوٹس لیں اور اصل حقائق سامنے لائیں۔ وہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ میاں زاہد سرفراز نے کہا کہ مشرف نے ڈاکٹر ارجمند شاہین کے ذریعے سی آئی اے کو اسامہ بن لادن کے کمپائونڈ کی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا سابق صدر پرویز مشرف ذاتی مقاصد اور مفاد کیلئے ملک و قوم اور افواج پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا فوجی آپریشن کے بعد اسامہ بن لادن کو امریکی اہلکاروں نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا جس کا ثبوت یہ ہے کہ جب ایبٹ آباد آپریشن کے بعد امریکی فوجی واپس گئے تو دو سکیورٹی گارڈز، اسامہ بن لادن کے بیٹے اور گارڈز کی بیوی کی لاشیں تو موجود تھیں لیکن اسامہ بن لادن کو وہ زخمی حالت میں ساتھ لیکر گئے تھے اور آج تک اس کی کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا اسامہ بن لادن کو ایبٹ آباد کو ایبٹ آباد سے نکال کر امریکی فوجی اہلکار افغانستان لے گئے جہاں پر انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد امریکہ میں انتہائی خفیہ جیل میں منتقل کردیا گیا تاکہ القاعدہ کے حوالے سے تمام معلومات اکٹھی کی جاسکیں۔آن لائن کے مطابق میاں زاہد سرفراز نے کہا ہے کہ حکومت ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ شائع کرنے کے بارے میں تذبذب کا شکار ہے۔ پاکستان میں این جی اوز سی آئی اے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہیں ، اسامہ کے ساتھ چار پاکستانیوں کی ہلاکت کی امریکہ سے پوچھ گچھ کی جائے۔ مشرف قوم کا مجرم ہے اس کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ حکومت ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ جلد از جلد شائع کرکے عوام کی پریشانی کو کم کی جائے اور حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ پاک آرمی ہی کے کرنل ریٹائرڈ سعید اقبال نے میجر عامر عزیز کے گھر کی چھت سے اسامہ بن لادن کے گھر کی تصویریں بنائیں جو کہ پرویز مشرف کے قریبی ساتھیوں میں سرفہرست ہیں۔ رپورٹ کے صفحات 77 اور 78 میں انکشاف کیا ہے کہ کرنل ریٹائرڈ سعید اقبال پراسرار طور پر اسامہ کیخلاف آپریشن کے بعد اپنی ساری جائیداد فروخت کرکے پاکستان سے غائب ہوچکا ہے۔ پاکستان میں تمام بیرونی این جی اوز اور فلاحی تنظیمیں سی آئی اے کی ا یجنٹ ہیں اور انکی سی آئی اے فنڈ بھی مہیا کرتی ہیں اور پاکستان کو تباہ کرنے کا منصوبے پر کام کرتی ہیں۔