محکمہ صحت کی عدم توجہ، شہر میں ڈینگی سے بچائو کیلئے سپرے نہ ہوسکا
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب اورڈی جی ہیلتھ اور ضلعی انتظامیہ صحت کے اداروں کی عدم توجہ سے لاہور سمیت دیگر شہروں میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سپرے سمیت دیگر اقدامات نہ ہوسکے جبکہ ڈینگی کنٹرول سکواڈ بھی کاغذوں تک محدود ہوکر رہ گیا۔ حکومت کی طرف سے دی جانے والی گاڑیاں افسران خود استعمال کرنے لگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کولاہور کے کسی بھی ٹائون کا ویکٹر سرویلنس ورک پلان پیش ہی نہیں کیا جاسکا۔ لاہور سمیت دیگر علاقوںمیں ہونیوالی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کاشدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کے حوالے سے محکمہ صحت کے افسران کو اگلے دو ماہ ویکٹر سرویلنس کو مزید بہتر بنانے اور سرویلنس ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی تھی مگر انتظامیہ نے احکامات ہوا میں اڑا دیئے جس کے بعد مختلف علاقوں میں ڈینگی مچھر کا لاروا اور بالغ مچھر بہت تعدا میں رپورٹ ہو رہا ہے۔ ماہرین حشرات کے مطابق موجودہ موسم ڈینگی کی افزائش کے لئے نہایت سازگار ہے لہٰذا ویکٹر سرویلنس کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ پارکس میں آنے والے لوگوں کی طرف سے استعمال شدہ اشیاء کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کیلئے اقدامات نہیں کئے۔ محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں میں فی الحال سپرے اور فوگنگ کی ضرورت نہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز بھی ڈینگی سے متاثرہ مریض یاسمین سامنے آئی ہے جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد30 ہوگئی ہے۔