• news
  • image
  • text

پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا، سیمینار، واک‘ آگاہی لٹریچر تقسیم

لاہور (رپورٹنگ ٹیم) وزیر اعلی شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا۔ شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے آگاہی پیدا کرنے کے لئے صوبائی، ڈویژنل، ضلعی اور ٹاؤن کی سطح پر سیمینارز، واکس کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور میں محکموں اور ٹاؤنز میں مختلف تقاریب منعقد کی گئیں۔ صوبائی وزرائ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، سیکرٹری صاحبان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس امر کا عہد کیا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ لوگوں میں آگاہی کے لئے لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122 کے تمام دفاتر اتوار کے روز بھی کھلے رہے اور اینٹی ڈینگی ڈے کے حوالے سے ریسکیو سٹیشنز پر علیحدہ علیحدہ واک کا اہتمام کیا گیا۔ سوشل سیکورٹی ہسپتال کوٹ لکھپت لاہور میں ڈینگی بخارکی آگاہی کیلئے واک کروائی گئی۔ قیادت سیکرٹری محنت و انسانی وسائل کیپٹن (ر) محمد یوسف نے کی۔ وزیر صحت پنجاب خلیل طاہر سندھو نے چلڈرن ہسپتال میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سرکاری محکموں عوام اور میڈیا کی باہمی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور شدید بارشوں کے باوجود ڈینگی مچھر کی افزائش بڑے پیمانے پر نہیں ہو سکی۔ پنجاب ہائی وے پٹرول کے زیر اہتمام ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول اظہر حمید کھوکھر کی قیادت میں واک جی ٹی روڈ پر باٹا فیکٹری سے مناواں تک منعقد کی گئی۔ لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محمد یوسف نے کہا کہ اگلے ڈیڑھ ماہ تک ڈینگی کا خطرہ ہے۔ سول سوسائٹی اور کمیونٹی اس میں شامل ہو جائے تو اس کا تدارک موثر انداز میں ہو سکتا ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام واک کی گئی جس میں شاہد آفریدی اور معین خان سمیت کرکٹ اور ہاکی کے قومی کھلاڑیوں، صوبائی وزراء اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محمد اکرم، ہیڈ کوچ ڈیوواٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین کے علاوہ ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی واک میں شریک ہوئے۔ ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول، کوچ طاہر زمان کے علاوہ کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔ دریں اثناء پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے زیراہتمام ڈینگی ڈے کے موقع پر واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک پنجاب اسمبلی سے گورنر ہائوس تک نکالی گئی۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کے زیراہتمام بھی واک کا انعقاد کیا گیا۔ محکمہ کواپریٹو نے بھی ڈینگی آگاہی واک کا اہتمام کیا آغاز دفتر رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب بینک سکوائر مال روڈ سے ہوا۔ واہگہ ٹائون میںایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا جس میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے مختلف مقررین نے خطاب کیا۔ بعد ازاں واک بھی ہوئی۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام یوم انسداد ڈینگی پر سبزہ زار سکیم موڑ پر مارچ کیا گیا جس کی قیادت کمپنی کے سابق چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق اور منیجر کمیونی کیشن نے کی۔ داتا گنج بخش ٹائون کی انتظامیہ نے ٹائون ہال سے ایک واک کا انعقاد کیا۔ قیادت صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عتیق الرحمن اور دیگر افسران نے کی۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ ایجوکیشن، ہیلتھ، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا، ٹائون انتظامیہ اور پی ایچ کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی ٹیموں نے شہر کے تمام بس اڈوں، بس ٹرمینلز اور بس سٹاپوں کی انسپکشن کی۔ ریلوے سٹیشن پر واک بھی منعقد کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں میں ڈینگی کے متعلق آگہی پیدا کرنے کے لئے لبرٹی گول چکر میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زائد ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی سربراہی میں شیخ زاید ہسپتال کی انتظامیہ اور نرسنگ سٹوڈنٹس نے اس آگاہی واک میں بھرپور حصہ لیا۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ میں انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا۔ بورڈ میں صفائی ستھرائی کا کام کیا گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک کے زیراہتمام 4مقامات پر واک کا انعقاد ہوا۔ محکمہ جنگلات پنجاب نے فاریسٹ کمپلیکس کوپر روڈ میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ محکمہ امداد باہمی پنجاب نے بینک سکوائر سے ہائی کورٹ چوک تک ڈینگی سے آگاہی کے لئے واک کا اہتمام کیا جس میں سیکرٹری کو آپریٹوز پنجاب ڈاکٹر عامر احمد، رجسٹرار کوآپریٹوز پنجاب ندیم محبوب، ممبر صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر، ایڈیشنل سیکرٹری کوآپریٹوز عبداللہ شاہد، ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز محمد اعجاز خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو سیٹھ محمد اقبال، محکمہ امداد باہمی کے افسران، کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے ہزاروں ممبران اور عوام الناس نے شرکت کی۔ سر گنگا رام ہسپتال میں بھی یوم انسداد ڈینگی منایا گیا۔ ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ کی قیادت میں آگاہی واک منعقد کی گئی۔ لاہور جنرل ہسپتال کی بچہ وارڈ میں سیمینار منعقد ہوا جس میں طبی ماہرین نے شہریوں کو ڈینگی بخار کی علامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔ وزیر تحفظ ماحولیات پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی ڈے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے منایا جا رہا ہے جس میں ہر شہری کو حصہ لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر ثاقب عزیز، صوبائی وزیر اوقاف سید ہارون سلطان نے انسداد ڈینگی مہم کا آغاز کیا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ حیوانات کے محققین کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر میں جینیاتی ترمیم کے ذریعے ڈینگی کی خطرناک وبا پر قابو پانا ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار محققین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممد خلیق الرحمن نے کی۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین شاد باغ لاہور میں واک کا اہتمام کیا گیا۔ گورنمنٹ مڈل سکول وارث کالونی میں بھی واک کی گئی۔ دریں اثناء محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے زیراہتمام فرید کورٹ روڈ پر ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈائریکٹر اکرم اشرف گوندل نے کی۔ دریں اثناء ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان کی زیرصدارت ڈینگی آگاہی سیمینار ہوا۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آفس سے کیمپ جیل تک واک ہوئی۔ 

epaper
لاہور: زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پنجاب حکومت کی منعقدہ اینٹی ڈینگی واک میں شریک ہیں، دوسری طرف اسلامیہ کالج کوپر روڈ کی ٹیچرز اور طالبات اور محکمہ کوآپریٹوز کے زیراہتمام واک نکالی جا رہی ہے

ای پیپر-دی نیشن