بھارت سے دوستی پاکستان کے مفاد میں نہیں، منہ توڑ جواب دیا جائے: سمیع الحق
لاہور (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ بھارت سے دوستی پا کستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پا کستان اور بھارت میں تعلقات کی بہتری اور خطے میں امن ممکن نہیں۔ وقت آگیا ہے حکو مت بھارت کو منہ توڑ جواب دے‘ نوازشریف تمام سیاسی اور فوجی قیادت کے ساتھ مل بھارت کے روئیے اور ڈرون حملے روکنے کیلئے جلد ازجلد حکمت عملی بنائے۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ دو ٹوک بات کی جائے۔ ڈرون حملوں سے دہشت گردی ختم نہیں ہوتی بلکہ اس میں اضافہ ہوتا ہے اور جب تک ڈرون حملے ہوتے رہیں گے دہشت گردی کو روکنا بھی مشکل ہو گا۔انہوں نے کہا بھارت کبھی پاکستان کا دوست تھا اور نہ ہی ہوسکتا ہے۔